مزید سات قومی کرکٹرز میں کورونا کی تشخیص



اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر( سی ای او) وسیم خان نے بتایا ہے کہ مزید سات قومی کرکٹرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے

اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ محمد حفیظ، فخر زمان، کاشف بھٹی، عمران خان، محمد حسنین، و ہاب ریاض اور محمد رضوان کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے دوبارہ ٹیسٹ 25 جون کو ہوں گے، ہمارے پاس اتنےکھلاڑی ہیں کہ ہم انگلینڈ کے دورے پر جا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 19 کھلاڑی ہیں جو دورہ کریں گے، ہیڈ کوچ مصباح الحق کھلاڑیوں کےحتمی نام فائنل کریں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ کھلاڑیوں میں ٹیسٹنگ سے قبل کورونا کی کوئی علامات نہیں پائی گئی، پی سی بی کا میڈیکل پینل تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر سے مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اراکین کو فوری طور پر آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شاداب خان، حیدر علی اور حارث رؤف میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

پی سی بی ترجمان نے بتایا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےدورہ انگلینڈ کیلئے کھلاڑیوں کےکورونا ٹیسٹ لیے تھے۔ تینوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

پی سی بی ترجمان نے بتایا ہے پی سی بی کا میڈیکل پینل اس سلسلے میں تینوں کھلاڑیوں سے مکمل رابطے میں ہے۔ ٹیسٹنگ سےقبل تینوں کھلاڑیوں میں کورونا کی کوئی علامات نہیں تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرکٹر عثمان شنواری اور عماد وسیم کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو 24 جون کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

دورہ انگلینڈ : پی سی بی کا قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کےعلاوہ اسکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کوویڈ 19 ٹیسٹ آج مکمل کرلیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اسکواڈ میں شامل ان اراکین کے ٹیسٹ چار مختلف شہروں، راولپنڈی، لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے۔


متعلقہ خبریں