ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کورونا میں مبتلا


لندن: ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نواک جوکووچ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سربیا سے تعلق رکھنے والے اسٹار کھلاڑی نے اپنے ایک بیان میں کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے کروشیا،سربیا اور بلغاریہ کے تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کےمزید سات قومی کرکٹرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وبا سے متاثرہ کرکٹرز کی تعداد دس ہو گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر( سی ای او) وسیم خان نے بتایا کہ محمد حفیظ، فخر زمان، کاشف بھٹی، عمران خان، محمد حسنین، و ہاب ریاض اور محمد رضوان کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

مزید سات قومی کرکٹرز میں کورونا کی تشخیص

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے دوبارہ ٹیسٹ 25 جون کو ہوں گے، ہمارے پاس اتنےکھلاڑی ہیں کہ ہم انگلینڈ کے دورے پر جا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 19 کھلاڑی ہیں جو دورہ کریں گے، ہیڈ کوچ مصباح الحق کھلاڑیوں کےحتمی نام فائنل کریں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ کھلاڑیوں میں ٹیسٹنگ سے قبل کورونا کی کوئی علامات نہیں پائی گئی، پی سی بی کا میڈیکل پینل تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر سے مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اراکین کو فوری طور پر آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شاداب خان، حیدر علی اور حارث رؤف میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

پی سی بی ترجمان نے بتایا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےدورہ انگلینڈ کیلئے کھلاڑیوں کےکورونا ٹیسٹ لیے تھے۔ تینوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

پی سی بی ترجمان نے بتایا ہے پی سی بی کا میڈیکل پینل اس سلسلے میں تینوں کھلاڑیوں سے مکمل رابطے میں ہے۔ ٹیسٹنگ سےقبل تینوں کھلاڑیوں میں کورونا کی کوئی علامات نہیں تھیں۔


متعلقہ خبریں