وزیراعظم پاکستان کی دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے لندن آمد


لندن:وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی 25 ویں دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے لندن پہنچ گئے۔

ایئرپورٹ پراعلیٰ برطانوی حکام اورپاکستانی ہائی کمشنرسید ابن عباس نے ان کااستقبال کیا۔

18 سے 20 اپریل تک جاری  رہنے والے تین روزہ سربراہ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

لندن میں ہونے والے اجلاس کا موضوع ’مشترکہ مستقبل‘ ہے۔

وزیراعظم قیام کے دوران ملکہ برطانیہ، پرنس آف ویلزاور برطانوی وزیراعظم سمیت دیگر رکن ممالک کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔

پاکستان 53 رکنی دولت مشترکہ فورم کے بانی ارکان میں سے ایک ہے۔

دولت مشترکہ سربراہ اجلاس پاکستان کو ابھرتی ہوئی منڈی کے طور پر سامنے لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

دولت مشترکہ میں شامل ممالک کی مجموعی آبادی دو ارب 20 کروڑسے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔

دولت مشترکہ

دولت مشترکہ ان ممالک کی تنظیم ہے جو ماضی میں برطانیہ کے زیرقبضہ رہے ہیں۔

یہ تنظیم 1926 میں اس وقت قائم ہوئی جب سلطنت برطانیہ کا زوال شروع ہوا۔

ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم دولت مشترکہ ( کامن ویلتھ) کی سربراہ ہیں۔ تنظیمی معاملات معتمد عام (سیکرٹری جنرل) کی ذمہ داری ہیں۔

تنظیم کے بنیادی مقاصد میں رکن ممالک میں اقتصادی تعاون و جمہوریت کا فروغ اورانسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانا شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں