شازیہ مری نے این آر او مانگنے کی تردید کردی


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کے دعویٰ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کسی سے این آر او نہیں مانگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ وہ ایوان میں موجود نہیں تھی، جبکہ ایک وزیر کو بار بار بات کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ مراد سعید کی بات پر بہت افسوس ہوا۔

رہنما پی پی شازیہ مری نے کہا کہ 2002 سے پارلیمنٹ میں ہوں، آج بھی جہاں ہوں وہیں کھڑی ہوں۔ مختص سیٹ سے شروع ہوکر اب جنرل انتخابات میں سانگھڑ سے جیتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے بجٹ کے دوران مراد سعید کے پاس گئی۔ مراد سعید سے کہا جو بات کریں پارلیمانی زبان میں ہو۔ مراد سعید سے بات ضرور کی لیکن این آر او کہنا بالکل غلط ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ 2 روز قبل اسپیکر آفس میں مراد سعید سے ملی، اس دن یہاں ہاتھا پائی کے حالات تھے۔ وزرا کا عمل اور ردعمل اچھا ہونا چاہے، ایوان چلانا حکومت کا کام ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ کسی کی پگڑی اچھالنا اور روز چور چور کہنا درست نہیں ہے۔ کوشش کرنی چاہئے اسمبلی میں کارکردگی کی بات کریں۔ میں نے کسی این آر او کی بات نہیں کی۔

مزید پڑھیں: حضور پاکﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبین لازمی لکھنے کی قرارداد پر عمل کرایا جائے، قومی اسمبلی

آج قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 7 ارکان اسمبلی نے ان سے این آر او مانگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ  جن ارکان نے ان سے این آر او مانگا ان میں سے پیپلز پارٹی کی ایم این اے شازیہ مری بھی شامل تھیں، جبکہ ان میں سے ایک ممبر آج قومی اسمبلی میں موجود ہے۔

وفاقی وزیرمراد سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے نظام کی بہتری پر توجہ دی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے کفایت شعاری کا شعار اپنایا۔ حقائق جانے بغیر بجٹ پر تنقید مضحکہ خیز ہے۔

وزیرمواصلات نے کہا تھا کہ سیاست کے نام پر میرے خاندان کے خلاف تضحیک آمیزگفتگوکی گئی۔ میں ذاتی حملے نہیں کررہا، دلیل سے بات کرنے کا حامی ہوں۔ بجٹ بحث کے دوران 21تقاریر ہوئیں۔ میری تقاریردیکھ لیں ،میں نےکسی کی ذات پر حملہ نہیں کیا۔ دلائل کے بجائے ذات پرحملوں کی مذمت کرتا ہوں۔


متعلقہ خبریں