کراچی  کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری


کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کراچی الیکٹرک (کے الیکٹرک) کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈںگ جاری ہے۔

کراچی کے رہائشی علاقوں میں8 سے12 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جب کہ صنعتی علاقوں میں اس کا دورانیہ  4 سے8 گھنٹے ہے۔

کراچی میں بجلی کی طلب و رسدمیں فرق 700 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے اور نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال اور ناظم آباد میں رات سے بجلی معطل ہے۔

کے الیکٹرک کا اس بابت کہنا ہے کہ کیبل فالٹ اورپی ایم ٹی میں خرابی کےباعث بجلی فراہمی معطل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کے لیے خوشخبری، عید الاضحیٰ پر لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی

ادارے کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ فرنس آئل اور گیس کی فراہمی تک لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔

دو روز قبل کے الیکٹرک کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ شہر قائد میں بجلی کی طلب و رسد میں فرق 600 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب  سے فرنس آئل کی کمی کو جواز بنا کر بجلی کی پیداوار 2200 میگاواٹ تک محدود کردی گئی۔

بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث کراچی کے رہائشی علاقوں میں 8 سے 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

کے الیکٹرک حکام نے ہم نیوز سے گفتگو کے دوران بتایا کہ انہیں 800 میٹرک ٹن فرنس آئل کے بعد 50 ملین مکعب فٹ گیس کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ اب رہائشی علاقوں میں 8 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیدنگ کرنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ایک جانب تو ہم بھاری بل ادا کرنے پر مجبور ہیں مگر دوسری جانب ہمیں بجلی بھی فراہم نہیں کی جا رہی۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ کا کے الیکٹرک سے رابطہ، لوڈ شیڈنگ پر اظہار تشویش

نارتھ کراچی ، سرجانی ، فیڈرل بی ایریا ، گلستان جوہر ،گلشن اقبال ، اورنگی ٹاؤن ، کورنگی ، لانڈھی بلدیہ اور اسکیم 33 کے رہائشی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

کراچی الیکٹرک کے مطابق شہر میں بجلی کی مجموعی طلب 3400 میگاواٹ ہے مگر کمپنی نے بجلی کی پیداوار 2200 میگاواٹ تک محدود کردی ہے۔


متعلقہ خبریں