پی سی بی محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ کروائے گا


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ محمد حفیظ کا کوویڈ 19 ٹیسٹ کل کروایا جائے گا۔

دو روز قبل پی سی بی کے زیر اہتمام کرایا گیا محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم کرکٹر نے بعد میں ذاتی حیثیت میں ٹیسٹ کرایا جو کہ منفی آیا تھا۔

پی سی بی 26 جون کو مثبت ٹیسٹ آنے والے دیگر نو کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے ایک رکن کا ٹیسٹ بھی کروائے گا،  گزشتہ روز لئے گئے متبادل کھلاڑیوں کے نمونوں کی رپورٹس آج شام تک پی سی بی کو موصول ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹرز کی انگلینڈ روانگی سے قبل کورونا ٹیسٹنگ

منفی ٹیسٹ آنے والے قومی سکواڈ کے اراکین کی دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ آج ہوگی۔

لاہور کے مقامی ہوٹل کے بائیو سیکیور ماحول میں ٹیسٹ کچھ دیر میں شروع ہوجائیں گے، اٹھارہ کھلاڑیوں اور 11 آفیشلز کے ٹیسٹ الگ الگ ان کے کمروں میں لئے جائیں گے۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنیوالے کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض، حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان شامل ہیں۔

ٹیسٹ منفی آنے والے کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل  شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پی سی بی کی جانب سے کرائے گئے ٹیسٹوں میں ٹیم منیجمنٹ میں شامل مساجر ملنگ علی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

ٹیسٹ منفی آنیوالے آفیشلز میں منصور رانا (منیجر )، مصباح الحق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، یونس خان (بیٹنگ کوچ)، مشتاق احمد (اسپن باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، طلحہٰ بٹ ( ٹیم اینالسٹ)، یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈکنڈیشننگ کوچ)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، لیفٹننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان رفعت (سیکورٹی منیجر ) اور رضا کیچلو (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹنٹ منیجر ) شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ: متبادل کھلاڑیوں کی کورونا ٹیسٹنگ

شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کا کورونا ٹیسٹ تاحال نہیں ہوسکا۔

لاہور کے بائیو سیکیور ماحول میں موجود جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ منفی آئے تو وہ 28 جون کو چارٹرڈ پرواز پر مانچسٹر روانہ ہوں گے۔

چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انگلینڈ پہنچنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلزکی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ ای سی بی کا میڈیکل پینل کرے گا۔ یہ ٹیسٹنگ پاکستان کے اسکواڈ کے انگلینڈ پہنچنے کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر ہوگی۔


متعلقہ خبریں