بھارتی پروڈکشن ہاؤس ٹی سیریز نے عاطف اسلم کا گانا یوٹیوب سے ہٹا دیا


انتہا پسندوں کے دباو میں آکر بھارت میں ٹی سیریز کے نام سے بزنس کرنے والی ساونڈ ٹریک اور فلم پروڈکشن کمپنی  نے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا گانا اپنے یوٹیوب چینل سے ہٹا دیا ہے۔

بھارت میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ٹرینڈ شروع ہونے کے بعد ٹی سیریز نے اپنے یوٹیوب چینل سے عاطف اسلم کے گانے سونا سونا کے ورژن کو ہٹادیا۔

ٹی سیریز نے ایک بیان میں کہا کہ ہم آیندہ کسی پاکستانی آرٹسٹ کے گانے کو ریلیز یا پروموٹ نہیں کرینگے۔

ٹی سیریز نے آل انڈین سینما ورکرز ایسوسی ایشن کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر بھی معذرت کی ہے۔ آل انڈین سینما ورکرز ایسوسی ایشن نے پاکستان کے فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ٹی سیریز کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے نوٹس میں لایا گیا کہ ہمارے یوٹیوب چینل پر مذکورہ گانا عاطف اسلم نے گایا ہے۔ اس گانے کو پروموشن ٹیم کے ہمارے ایک ملازم نے ٹی سیریز کے یوٹیوب چینل پر ڈالا ہے۔ وہ اپنے عمل سے بے خبر تھا اور گانا اپلوڈ کرتے ہوئے غلطی کرگیا، جس پر وہ معذرت کرتے ہیں۔

ٹی سیریز نے مزید کہا کہ “ہم اپنی غلطی کی مذمت کرتے ہیں اور اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں ہم ٹی سیریز کے کسی بھی پلیٹ فارم پر نہ تو گانا جاری کریں گے اور نہ ہی اس کی تشہیر کریں گے ہم اپنے یوٹیوب چینل سے اس گانے کو ہٹارہے ہیں”۔

 


متعلقہ خبریں