پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار، حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری


لاہور: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار ہونے لگی، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے 36 اضلاع میں آٹھ مرحلوں میں 6 جولائی سے 13 اکتوبر تک حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گی

پہلے مرحلے میں راولپنڈی ڈویژن میں شامل اضلاع اٹک، چکوال اور جہلم، دوسرے مرحلے میں سرگودھا ڈویژن کے ضلع خوشاب، میانوالی، بھکر کی حلقہ بندیاں ہوں گی۔ فیصل آباد میں تیسرے اور گوجرانولہ ڈویژن میں چوتھے فیز کے دوران حلقہ بندیاں ہوں گی

الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ڈویژن کے اضلاع شیخوپورہ اور ننکاںہ صاحب میں پانچویں، قصور اور ساہیوال ڈویژن میں چھٹے،، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں ساتویں اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں آٹھویں مرحلے کے دوران حلقہ بندیاں فائنل کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے لئے منشور پر کام شروع کر دیا

یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی نے 30 اپریل 2019 کو نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ قانون منظور کرکے اسی روز گورنر پنجاب کو منظوری کے لیے بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔

نئے قانون کے تحت شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اور ویلیج کونسل قائم کی جائیں گی۔ ویلیج کونسل اورمحلہ کونسل میں فری لسٹ الیکشن ہوگا اور زیادہ ووٹ لینے والا چیئرمین ہو گا جبکہ زیادہ سے کم ووٹ کی طرف عہدوں کی بالترتیب نمائندگی ہو گی۔

نئے بلدیاتی نظام میں تحصیل اور میونسپل سطح پر انتخاب جماعتی بنیادوں پر ہو گا اور سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات کے لئے اپنے پینل دیں گی جبکہ ویلیج کونسل اور محلہ کونسل کا انتخاب غیرجماعتی بنیادوں پر ہو گا۔

نئے مسودہ قانون کی گورنر سے منظوری اور گزٹ نوٹیفیکشن ہوتے ہی بلدیاتی ادارے تحلیل ہو جائیں گے۔ پنجاب حکومت کے مطابق بلدیاتی اداروں کا ایک سال کے اندر انتخاب کرایا جائے گا، نئے انتخاب تک بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹر مقرر ہوں گے۔

نئے قانون کے مطابق بلدیاتی اداروں کو پنجاب کے کل بجٹ کا 33 فیصد حصہ دیا جائے گا۔ نئے بل کی حتمی منظوری کے بعد 22 ہزار ویلج کونسلز قائم ہوں گی اور 138 تحصیل کونسلز کے انتخابات ہوں گے۔

نئے بلدیاتی نظام کے تحت لوکل گورنمنٹ پانچ سطحوں پر مشتمل ہو گی۔ تحصیل کونسل، ویلیج کونسل، ہمسائیگی (نیبرہڈ) کونسل، میونسپل کارپوریشن اور میٹروپولیٹن لوکل گورنمنٹ کے ادارے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں