کامن ویلتھ گیمز: حکومت نےکھلاڑیوں کے ساتھ ہاتھ کردیا


اسلام آباد:دولت مشترکہ کھیلوں(کامن ویلتھ گیمز) میں تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو انعامی رقوم دینے کی تقریب ملتوی کردی گئی۔

وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی جانب سے 90 لاکھ روپے کی انعامی رقوم دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

وفاقی وزارت کھیل کی جانب سے سونے اور کانسی کے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ بھیج دیا گیا تھا۔

دولت مشترکہ کھیلوں میں وطن کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو اچانک تقریب منسوخ کرنے کی اطلاع دے دی گئی۔

پاکستان کی جانب سے دولت مشترکہ کھیلوں میں 56 رکنی دستے نے نمائندگی کی جن میں دس خواتین کھلاڑی بھی شامل تھیں۔

ریسلر انعام بٹ نے ملک کے لئے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

ویٹ لفٹنگ میں محمد بلال،طیب رضا،نوح دستگیر بٹ اور طلحہ طالب نے کانسی کے تمغات جیتے۔

وزیراعظم کی جانب سے انعام بٹ کے لئے50 لاکھ روپے اور باقی چار ویٹ لفٹرز کے لئے فی کس دس لاکھ روپے بطور انعام رقوم دینے کا اعلان کیا گیا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد کے بعد انعام بٹ نے انکشاف کیا تھا کہ ٹریننگ کے لئے انہوں نے حکومت سے دس لاکھ روپے مانگے تھے جو نہیں دیئے گئے۔

انہوں نے اپنی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا کرم،والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ قرار دیا تھا۔

پاکستان 1954 سے دولت مشترکہ کھیلوں میں حصہ لیتا آیا ہے۔


متعلقہ خبریں