’ حکومت کا عید الاضحیٰ پر قربانی کو محدود یا ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں‘

نورالحق قادری

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت کا عید الاضحیٰ پر قربانی کو محدود یا ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اس مرتبہ قربانی کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کیا جائے  اور ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے۔

حج پر نہ جا سکنے والوں کو کیا رقوم کی واپسی ہو گی اس سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کو ہم نے اس مرتبہ بکنگ کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ سرکاری اسکیم میں جمع کی گئی رقوم جلد متعلقہ لوگوں کو واپس کر دی جائے گی۔

سعودی حکومت کی جانب سے محدود حج کی اجازت دینے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کا حج محدود کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں، حج نہ ہوتا تو مسلم دنیا میں بے چینی پھیل جاتی۔

عازمین حج کی رقوم کی واپسی کیلئے طریقہ کار کا اعلان جلد کیا جائے گا

گزشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر حج کو محدود کرنے کے اعلان  کے بعد  پاکستانی عازمین حج کی رقوم کی واپسی کیلئے طریقہ کار کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین حج کو رقوم کی واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ضروری امور طے کرنے کے بعد  عازمین حج کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دی جائے گی۔

نور الحق قادری نے کہا کہ حج کی محدود پیمانے پر ادائیگی کے سعودی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ فیصلہ شریعت کے حکم اور موجودہ حالات کے عین مطابق ہے۔ سعودی وزیر حج نے اعلان سے پہلے ہمیں اعتماد میں لیا، جسکے لیے ہم شکر گزار ہیں۔

مزید پڑھیں: صرف سعودیہ میں مقیم افراد کو محدود تعداد میں حج کی اجازت

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج کو محدود پیمانے پر کرانے کا فیصلہ عالم اسلام کے حجاج کرام کو کورونا وبا سے بچانے کیلئے دانشمندانہ اقدام ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادرینے کہا کہ دنیا بھر میں وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے سعودی فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔ سعودی حکومت نے ہمیشہ حجاج کیلئے بہترین سہولیات کو یقینی بنایا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق تمام ممالک کے شہری جو سعودی عرب میں مقیم ہیں صرف انہیں حج کرنے کی اجازت ہو گی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے عازمین اس سال حج کی ادائیگی کیلئے نہیں جاپائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں