سندھ میں کورونا کے 54 فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، مراد علی شاہ



کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے 54 فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں 75 ہزار 168 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔کورونا وائرس کے 4 ہزار کے قریب مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے 54 فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس سے ڈیڑھ فیصد اموات ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زائد ٹیسٹ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں فرائض کی انجام دہی کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کل وزیراعظم نے کہا کہ 13 مارچ کو لاک ڈاوَن ہوگیا تھا۔ 22 مارچ کو وزیراعظم نے تقریر میں کہا لاک ڈاوَن نہیں ہونا چاہیے تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ایوان میں وزیراعظم کی جانب سے کچھ باتیں کی گئیں جو مجھے نامناسب لگیں۔ میں کچھ باتیں کروں گا وہ برداشت کرنے کی ہمت رکھیے گا۔ بہت سنا کہ یہ ہوگا، وہ ہوگا، لیکن جو ہوگا وہ میں بتاوَں گا۔

مزید پڑھیں: سندھ میں کورونا سے اموات کی تعداد 1100سے تجاوز کر گئی

انہوں نے کہا کہ کورونا سے اموات کی سب سے زیادہ شرح بلوچستان کی ہے۔ سندھ میں پچھلے کچھ دنوں سے کوروناٹیسٹ کم ہورہے ہیں۔ کوروناٹیسٹ میں کمی کی وجہ طبی عملے کا بیمار ہونا اور دیگرعوامل ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جب کورونا آیا تو اس وقت 80 ٹیسٹ کرنے کی استعداد تھی۔ آج ہم 14 ہزار ٹیسٹ کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کے الیکٹرک کہتا ہے کہ ہمیں گیس اور فرنس آئل نہیں مل رہا ہے۔ پی ایس او اور سوئی سدرن کہتا ہے کہ ہم گیس اور فرنس آئل فراہم کررہے ہیں۔ کے الیکٹرک کا کراچی کے ساتھ سلوک سندھ کے دیہی علاقوں کے ساتھ پہلے سے ہورہا ہے۔ یہ تینوں محکمے وفاق کے ہیں، لیکن وزیراعظم اور وفاقی وزیر خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹِی آئی والے کہتے ہیں کہ ہم نے اسمارٹ لاک ڈاوَن کیا جبکہ لاہور تو پورا بند ہے۔ پٹرول سستا کیا لیکن عوام کو دے نہ سکے۔


متعلقہ خبریں