5اگست سے قبل مقبوضہ کشمیر کیلئے دنیا بھر میں تحریک چلائیں گے، وزیراعظم عمران خان



مظفرآباد :وزیراعظم نے 5 اگست سے قبل دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں سوچی سمجھی سازش کے تحت ظلم کر رہی ہے۔ 

انہوں نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت  مظفرآباد میں احساس کیش پروگرام کا اجرا کیا اور اس سے متعلق منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بارہ لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، مستحق افراد کی مدد کرنے پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر رکھی ہے جہاں روز کوئی نہ کوئی نوجوان شہید کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی مقبوضہ کشمیر میں سوچی سمجھی سازش کے تحت ظلم کر رہا ہے، اس نے گجرات میں آر ایس ایس کے غنڈوں کے ذریعے مسلمانوں کا قتل عام کیا،آرایس ایس والے خود کو ہٹلر کی نازی پارٹی کے جانشین سمجھتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کو اٹھا لیا تھا لیکن ایک شخص اسلام آباد میں آزادی مارچ کرنے کے لیے ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت کنٹینر لے آیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بے بس لوگوں پر ظلم کرنے والا بزدل ہوتا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں کمسن بچوں کو بھی جیل میں قید کیا گیا، پیلٹ گن کے ذریعے لوگوں کی بینائی چھین لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا جذبہ کبھی کم نہیں ہوسکتا، 5 اگست سے قبل دنیا بھر میں تحریک چلائیں گے،دنیا بھر کو بار بار مسئلہ کشمیر یاد دلائیں گے۔


متعلقہ خبریں