عازمین حج کو واجبات کی واپسی 2 جولائی سے شروع کردی جائے گی، وزارت مذہبی امور


اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج 2020 کے درخواست گزاروں کو واجبات کی واپسی 2 جولائی سے ملک بھر کے نامزد بینکوں سے شروع کردی جائے گی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت کے فیصلے کے روشنی میں عازمینِ حج کو رقوم واپس کی جائیں گی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق درخواست گزاروں کو بذریعہ میسج اطلاع کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ حج واجبات کی نقد واپسی کیلئے درخواست گزار کا بینک آنا ضروری ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ چیک لینے کیلئے صرف گروپ لیڈر کو تمام افراد کی اصل دستاویز کے ہمراہ بینک آنا ہو گا۔متعلقہ بینک برانچ کی بندش کی صورت میں دوسری نامزد کردہ برانچ سے ادائیگی ممکن ہو گی۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر حج کو محدود کرنے کے اعلان  کے بعد  پاکستانی عازمین حج کی رقوم کی واپسی کیلئے طریقہ کار کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین حج کو رقوم کی واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ضروری امور طے کرنے کے بعد  عازمین حج کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دی جائے گی۔

نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ حج کی محدود پیمانے پر ادائیگی کے سعودی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ فیصلہ شریعت کے حکم اور موجودہ حالات کے عین مطابق ہے۔ سعودی وزیر حج نے اعلان سے پہلے ہمیں اعتماد میں لیا، جسکے لیے ہم شکر گزار ہیں۔

مزید پڑھیں: صرف سعودیہ میں مقیم افراد کو محدود تعداد میں حج کی اجازت

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا تھا کہ حج کو محدود پیمانے پر کرانے کا فیصلہ عالم اسلام کے حجاج کرام کو کورونا وبا سے بچانے کیلئے دانشمندانہ اقدام ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے سعودی فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔ سعودی حکومت نے ہمیشہ حجاج کیلئے بہترین سہولیات کو یقینی بنایا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں