پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج


لاہور: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست منیر احمد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی اور درخواست میں وفاقی حکومت، سیکرٹری پٹرولیم سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، درخواست میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے اچانک ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔ پٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ  ہائی اسپیڈ ڈیزل 101 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ  یکم جون سے پٹرول کی نئی قیمت 76.52 روپے کا اطلاق ہوا تو ایک روز بعد ہی ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں فلنگ اسٹیشنز پر فروخت بند کر دی گئی تھی۔

بعد ازاں اوگرا کی جانب سے ذمہ دار کمپنیوں کو نوٹسز اور جرمانے کیے گئے مگر پٹرول بحران کم نہیں ہوا۔ اوگرا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں سستا پیٹرول کہاں گیا؟

ترجمان اوگرا کا کہنا تھا کہ وزارت توانائی اور اوگرا ریٹل آؤٹ لیٹس تک سپلائی یقینی بنا رہے ہیں۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مصنوعات کی درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ بھی ذخیرہ اندوزی کی شکایات پر فوری کارروائیاں کر رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں