پاکستان کا سکھ زائرین کیلئے کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ

پاکستان کا سکھ زائرین کیلئے کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان نے سکھ زائرین کے لیے کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ دنیا بھرمیں عبادت گاہیں کھولی جا رہی ہیں اور اب پاکستان بھارت کی جانب سے کرتا پور راہداری بھی 29 جون کوکھول دی جائے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری دوبارہ کھولنے کے لیے بھارت کو آگاہ کر دیا ہے۔ کورونا کے پیش نظر کرتار پور راہداری 16 مارچ کو بند کر دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرتار پور راہداری کھولنے کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں اور بھارت کو صحت رہنما اصولوں کا ضابطہ کار طے کرنے کی بھی دعوت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 74 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 4 ہزار 35 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 138 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 883 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 86 ہزار 906 مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، 709 مارکیٹیں اور صنعتیں سیل

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 72 ہزار 880 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 76 ہزار 318، خیبرپختونخوا میں 24 ہزار 943، بلوچستان میں 10 ہزار 116، اسلام آباد میں 12 ہزار 206، آزادکشمیر میں 1,003 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 417 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں