اپوزیشن متحد ہو کر حکومت کے عوام دشمن اقدامات کو روکے، بلاول

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ  یہ وقت ہے کہ اپوزیشن متحد ہو کر حکومت کے عوام دشمن اقدامات کو روکے۔

پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ سے گفتگو کرکے بلاول نے کہا کہ حکومت نے لوگوں کو مایوس کیا اور بحران بڑھائے ہیں۔ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کا طوفان لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے حالات میں بجٹ میں جو اقدامات کرنے تھے وہ نہیں کیے گیے۔ بجٹ پر مشترکہ لائحہ عمل کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے بڑھا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے  پارٹی کی پنجاب قیادت کو کارکنوں سے رابطے بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماوں نے آئندہ ہفتے بلائے جانے والے آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی جماعتوں سے رابطوں سے متعلق مشاورت اور پنجاب کی سیاست پر مشاورت کی گئی۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد

بلاول سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی پنجاب میں معطل اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔ کورونا کے حالات کی وجہ سے چیئرمین کا کارکنوں سے ویڈیو لنک پر رابطہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مختلف سطح پر ویڈیو لنک اجلاس بلاول ہاوَس لاہور سے ہوں گے۔ بلاول بھٹو نے کارکنوں سے رابطے بڑھانے اور بلدیاتی اداروں کی تیاریوں کا کہا ہے۔

اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اخترمینگل  سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بجٹ کے معاملے میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پربات چیت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں نے 18 ویں آئینی ترمیم  پر حکومتی حملوں کا معاملہ اور این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر گفتگو کی تھی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹواور اخترمینگل  نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پرتشویش کا اظہار کیا تھا۔

ذرائع کے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ دونوں رہنماوں  کے درمیان اگلے ہفتے ہونے والے آل پارٹیز کانفرنس  بلانے پر بھی مشاورت کی گئی۔

دوران گفتگو چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا بجٹ عوام دشمن ہے۔ ہم اس بجٹ کو کسی صورت نہیں مان سکتے۔

 


متعلقہ خبریں