ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، ایک ہزار 70 سے زائد مارکیٹیں سیل

رمضان المبارک:بازار سحری سےشام 6 بجےتک کھلےرہیں گے

فائل فوٹو


اسلام آباد: ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کے 7 ہزار 882 واقعات رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا کی روک تھام کے لیے جاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 70 سے زائد مارکیٹس سیل کی گئیں جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک ہزار 234 گاڑیوں کو جرمانہ یا سیل کیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایس او پیز کی 16 خلاف ورزیوں پر 14 دکانیں سیل اور 2 گاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں ایس او پیز کی 3 ہزار 252 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ جس میں 105 گاڑیوں اور 178 دکانوں کو سیل یا جرمانہ کیا گیا۔

پنجاب میں ایس او پیز کی 2 ہزار 172 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں‎ جس میں 618 دکانوں اور 816 گاڑیوں کو سیل کیا گیا۔ آزاد کشمیر میں 390 خلاف ورزیوں پر 63 گاڑیوں اور 53 دکانوں کو سیل یا جرمانے کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں ایس او پیز پر عمل جاری رکھا تو کورونا بحران سے نکل جائیں گے، وزیر اعظم

این سی او سی کے مطابق بلوچستان میں 786 خلاف ورزیوں پر 203 گاڑیوں اور 95 دکانوں کو سیل یا جرمانے کیے گئے۔ گلگت بلتستان میں ایس او پیز کی 183 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ جس میں 88 مارکیٹیں اور 23 گاڑیوں کو سیل کیا گیا۔

گزشتہ روز بھی ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 709 مارکیٹیں، دکانیں اور 2 صنعتوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔ ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کے 7 ہزار 472 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ کورونا وائرس کو قابو کرنے کے لیے بنائی گئی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک ہزار 516 گاڑیوں کو جرمانہ یا سیل کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 83 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 118 ہو گئی  ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 72  کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 2 ہزار 955 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 86 ہزار 906 مریض صحت یاب ہو گئے۔


متعلقہ خبریں