بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو بدل رہا ہے، شہباز شریف

فوٹو: فائل


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو بدل رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کا نوٹس لے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہزاروں بھارتیوں کوغیر قانونی شہریت دے رہا ہے۔


واضح رہے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی تناسب بدلنے کے لیے 25 ہزار بھارتیوں کو جموں و کشمیر کا ڈومیسائل جاری کر دیا جو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

گزشتہ روز پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے 25 ہزار ڈومیسائل بھارتی شہریوں کو دینے کے اقدام کو مسترد کر دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا تھا کہ بھارت اپنے شہریوں کو بوگس ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دے رہا ہے، اس کا یہ اقدام غیر قانونی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں، ڈومیسائل حاصل کرنے والوں کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ بھارت اس اقدام کا اہل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کے تحت بھارت ایسا اقدام نہیں کر سکتا، بھارت کے اس اقدام سے پاکستان کا بیانیہ درست ثابت ہوا، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنا چاہتا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈا کا مقصد کشمیریوں کو اقلیت بنانا ہے،بھارت کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کرنا چاہتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ایسے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کا عزم کم نہیں کر سکتا، عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارت کے اقدامات کا نوٹس لے۔


متعلقہ خبریں