ملک کے تمام بڑے شہروں میں مویشی منڈیوں کی اجازت دینے کی تجویز، سفارشات تیار


اسلام آباد: وزارت داخلہ نے مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دینے کے لیے سفارشات تیار کر لیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے مویشی منڈیاں ملک کے تمام بڑے شہروں کے داخلی یا خارجی راستوں پر لگانے کی تجویز دی ہے۔

اس کے علاوہ شہروں کے اندر سرعام مویشی فروخت کرنے پر مکمل پابندی اور منڈی کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عید کی نماز کیلئےعلما سے مشاورت کے بعد عمل کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ جانوروں کے فضلا کو ٹھکانے لگانے سے متعلق بھی سفارشات تیار کر لی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ حکومت کا عید الاضحیٰ پر قربانی کو محدود یا ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اس مرتبہ قربانی کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کیا جائے  اور ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے۔

حج پر نہ جا سکنے والوں کو کیا رقوم کی واپسی ہو گی اس سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کو ہم نے اس مرتبہ بکنگ کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ سرکاری اسکیم میں جمع کی گئی رقوم جلد متعلقہ لوگوں کو واپس کر دی جائے گی۔

سعودی حکومت کی جانب سے محدود حج کی اجازت دینے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کا حج محدود کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں، حج نہ ہوتا تو مسلم دنیا میں بے چینی پھیل جاتی۔

عازمین حج کی رقوم کی واپسی کیلئے طریقہ کار کا اعلان جلد کیا جائے گا

گزشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر حج کو محدود کرنے کے اعلان  کے بعد  پاکستانی عازمین حج کی رقوم کی واپسی کیلئے طریقہ کار کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین حج کو رقوم کی واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ضروری امور طے کرنے کے بعد  عازمین حج کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں