متحدہ اپوزیشن نے آئندہ مالی سال کا بجٹ مسترد کردیا، بلاول


اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ آئندہ مالی سال کے بجٹ 2020 کو مسترد کردیا ہے۔

بجٹ میں عوام پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا، عبدالحفیظ شیخ

ہم نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پریس کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف اورجماعت اسلامی کے میاں اسلم سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنما بھی موجود تھے۔

چیئرمیں پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن نے وفاقی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیش کردہ بجٹ نے پورے پاکستان کو حکومت کے خلاف کردیا ہے۔

حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ مشکل صورتحال میں عوام پرمزید بوجھ ڈالا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام پر مزید بوجھ پڑے گا۔

حکومتی نااہلیوں، عوام دشمن بجٹ اور کورونا پر جلد اے پی سی بلائی جائیگی، بلاول

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ ن لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کے صحتیاب ہوتے ہی آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال متحدہ اپوزیشن نے صرف ملکی معیشت پر بات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا پلان ہے لیکن اے پی سی بلانے کا اعلان میاں شہباز شریف کے صحتیاب ہونے پر ہی کیا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کا وزیراعظم ہونا ہر پاکستانی کی صحت اور ملک کی معیشت کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کی زندگی اور صحت بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اپوزیشن کے تمام فیصلے متفقہ طور پر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف بیمار ہونے کے باوجود عمران خان کے پسینے نکال رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ اپوزیشن آج بھی حکومت کو ٹف ٹائم دے رہی ہے اور کل بھی دے گی۔

اپوزیشن متحد ہو کر حکومت کے عوام دشمن اقدامات کو روکے، بلاول

ہم نیوز کے مطابق ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ متحدہ اپوزیشن عوام کے لیے ہر محاذ پر لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے جتنی جلدی ہوجان چھڑائی جائے تا کہ بچا کچھا پاکستان بچ جائے۔

انہوں نے ملکی مشکلات کا حل نئے مینڈیٹ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت کا آخری وقت آن پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان قوم پر بوجھ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب تک وزیراعظم رہیں گے تباہی ہوتی رہے گی۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح طور پر کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے آئینی راستہ اختیار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں عمران خان سے جان چھرانے کے راستے ہیں انہیں استعمال کریں گے۔

ن لیگ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں مزید تقسیم کے امکانات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں توڑ پھوڑ آنے والے دنو ں میں مزید واضح ہوجائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ پٹرولیم سے متعلق مشیر خزانہ نے دو دن قبل کہا تھا کہ قیمتیں نہیں بڑھا رہے ہیں لیکن دو بعد ہی مشیر خزانہ کے بیان نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا۔

شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ مسترد کردیا

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا نہ صرف ہزاروں جانیں لے چکی ہے بلکہ معیشت کی بحالی کے دروازے بھی بند کرچکی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ توقع تھی کہ عوام کو بجٹ میں ریلیف ملے گا لیکن عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر ناقابل برداشت بوجھ ڈالا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ کچھ روز میں گیس و بجلی کی قیمتیں بھی بڑھائی جائیں گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ٹارگٹ کرنے کے لیے حکومتی ادارے استعمال کیے جارہے ہیں۔

بلاول بھٹو کو سراج الحق نے اے پی سی بلانے کی تجویز دیدی

ہم نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے کہا کہ وفاقی حکومت کا پیش کردہ بجٹ محض الفاظ کا گورکھ دھندا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا ہے۔


متعلقہ خبریں