پاکستان کا دشمن کھلی جارحیت پر اتر آیا ہے، مشیر قومی سلامتی


اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کر کے ہمارا دشمن کھلی جارحیت پر اتر آیا ہے۔

ایک بیان میں مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان پر آج ریاستی دہشت گردی کی گئی۔ چاہے وہ کشمیر میں جغرافیائی تبدیلی کی کوشش ہو یا پاکستان میں دہشت گردی، پاکستان کا دشمن کھلی جارحیت پراترآیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے بھی بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے خطرہ کا اظہار کیا تھا۔ بھارت لداخ کی شرمندگی سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو نشانہ بنارہا ہے۔

مزید پڑھیں: ‘اسٹاک ایکسچینج پر حملہ را فنڈڈ دہشت گردوں کے طریقوں سے مماثلت رکھتاہے’

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ یہ عناصر اپنی ناکامیاں اور شرمندگی سے توجہ ہٹانے کیلئے حرکتیں کررہے ہیں۔ بہادرقوم نے پہلے بھی دہشتگردی کا مقابلہ کیا،آئندہ بھی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت رسوا ہوکر رہے گا اب بہت ہوگیا ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ بھارت اپنے پاوَں پر کلہاڑی مارنا چاہتا ہے تو مارے۔ 5اگست کو بھارت کی جانب سے دہشت گردی دنیا کے سامنے ہے۔

خیال رہے کہ آج صبح دہشت گردوں نے  پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا تاہم پولیس اور سیکیورٹی گارڈز نے حملہ ناکام بنایا تھا۔ پولیس اور سیکیورٹی گارڈز سے فائرنگ کے تبادلے میں تمام چار حملہ آور مارے گئے تھے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پولیس سب انسپکٹر سمیت6 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ فائرنگ سے4 سیکیورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔

ایک پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر محمد شاہد، پولیس کانسٹیبل سعید اکرم اور سیکیورٹی گارڈ افتخار فضل شہید ہوئے تھے۔

 


متعلقہ خبریں