پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ: آر آر ایف کے 6 اہلکاروں نے دہشت گردوں سے مقابلے کیا


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کی جانب سے حملے کے دوران سیکیورٹی ڈیوٹی پر معمور ریپڈ رسپانس فورس کے 6 جوانوں نے براہ راست دہشت گردوں سے مقابلے کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی سیکیورٹی پرآر آر ایف کی پلاٹون نمبر 35 موجود ہوتی ہے۔ اسٹاک ایکس چینج پر ریپڈ رسپانس فورس کے 25 جوان مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کانسٹیبل رفیق سومرو، خلیل جتوئی، سلیم بروہی نے دہشت گردوں سے براہ راست مقابلہ کیا۔ دہشت گردوں سے مقابلے میں پولیس کانسٹیبل امتیاز شاہ، شہزاد اور دھامو مال نے بھی حصہ لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کانسٹیبل رفیق نے 2 دہشت گردوں کو مرکزی دروازے پر فائرنگ سے ہلاک کیا۔ تیسرے دہشت گرد کو پولیس کانسٹیبل خلیل نے مسجد کے قریب ہلاک کیا جبکہ چوتھا دہشت گرد بھی مسجد کے قریب پولیس کانسٹیبل سلیم بروہی کے ہاتھوں مارا گیا۔

مزید پڑھیں: ‘اسٹاک ایکسچینج پر حملہ را فنڈڈ دہشت گردوں کے طریقوں سے مماثلت رکھتاہے’

خیال رہے کہ آج صبح دہشت گردوں نے  پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا تاہم پولیس اور سیکیورٹی گارڈز نے حملہ ناکام بنایا تھا۔ پولیس اور سیکیورٹی گارڈز سے فائرنگ کے تبادلے میں تمام چار حملہ آور مارے گئے تھے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پولیس سب انسپکٹر سمیت6 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ فائرنگ سے4 سیکیورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔

ایک پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر محمد شاہد، پولیس کانسٹیبل سعید اکرم اور سیکیورٹی گارڈ افتخار فضل شہید ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں