کراچی حملہ: شہید ہونے والے سب انسپکٹر، سیکیورٹی گارڈ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس سب انسپکٹر اور سیکیورٹی گارڈ کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہید سب انسپکٹر محمد شاہد کی نمازجنازہ  پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن میں ادا کردی گئی۔پولیس کے خصوصی دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادرچڑھائی۔

نماز جنازہ میں آئی جی سندھ  مشتاق مہر، صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی اور کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے شہید پولیس افسر کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا۔

دوسری جانب دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی گارڈ افتخار واحد کی نمازجنازہ ریلوے کالونی میں اداکی گئی۔

خیال رہے کہ آج صبح دہشت گردوں نے  پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا تاہم پولیس اور سیکیورٹی گارڈز نے حملہ ناکام بنایا تھا۔ پولیس اور سیکیورٹی گارڈز سے فائرنگ کے تبادلے میں تمام چار حملہ آور مارے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ: آر آر ایف کے 6 اہلکاروں نے دہشت گردوں سے مقابلے کیا

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پولیس سب انسپکٹر سمیت6 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ فائرنگ سے4 سیکیورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔

حملے میں ایک پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی مقدس حیدر  نے کہا تھا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر محمد شاہد، پولیس کانسٹیبل سعید اکرم اور سیکیورٹی گارڈ افتخار فضل شہید ہوئے۔

مسلح افراد نے اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، جن میں سے دو کو مرکزی گیٹ پر ہلاک کردیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر چار افراد کار میں سوار ہو کر اسٹاک ایکسچینج کی حدود میں داخل ہوئے اور دو حملہ آوروں کو عمارت کے مرکزی گیٹ پر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں