بھارت نے ٹک ٹاک سمیت 59 چینی ایپس پر پابندی عائد کر دی


نئی دہلی: بھارت نے چین کے ساتھ لداخ کے مقام پر ہونے والی جھڑپ کے بعد ٹک ٹاک سمیت 59 ایپلیکشنز پر پابندی عائد کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی حکومت کی جانب سے دیئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی خود مختاری، سالمیت اور دفاع کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 130 کروڑ بھارتیوں کے ذاتی نوعیت کے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔

بھارت نے جن موبائل ایپس پر پابندی عائد کی ہے ان میں ٹک ٹاک، شیئراٹ، یوسی براوزر، کلیش آف کنگز، بیوٹی پلس، ویگو ویڈو، ڈی یو براوزر، لائکی، وڈ میٹ سمیت دیگر 59 ایپس شامل ہیں۔

یاد رہے کہ دو ہفتے قبل چین کے ساتھ ہونے والی سرحدی جھڑپ میں بھارتی فوج کے کرنل سمیت 20 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ سرحدی جھڑپ کا واقعہ گلوان میں پیش آیا تھا۔ بھارتی فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق انڈیا کے میڈیا نے بھی کی۔

مؤقر بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی سرحدی جھڑپ کئی گھنٹوں تک جاری رہی تھی۔

عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق چین اور بھارت کے درمیان گزشتہ کافی عرصے سے سرحد پہ کشیدگی ہے جس میں اعلیٰ سطحی فوجی روابط کے باوجود کمی نہیں آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں مودی کی ہندوتوا پالیسی سے بنگلہ دیش، نیپال، چین اور پاکستان تنگ ہیں، وزیر خارجہ

دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازع  اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب چین کے منع کرنے کے باوجود بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کی سرحد کے قریب غیر قانونی شاہراہ تعمیر کرنے کی کوشش کی۔

خطے میں اپنی چودھراہٹ قائم کرنے کا خواہش مند بھارت گزشتہ دنوں اس وقت بھی ہزیمت کا سامنا کرچکا ہے جب نیپال کی افواج نے گولی چلا کر بھارتیوں کو خبردار کیا کہ اس کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں