’عالمی برادری بھارت کی طرف سے ہمسایہ ممالک میں دہشتگردی کرانے کا نوٹس لے‘

اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارتی اقدامات کا نوٹس لیں، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے رویے سے پاکستان میں دہشتگردی کرانے کی حقیقت نہیں بدل سکتا، عالمی برادری بھارت کی طرف سے ہمسایہ ممالک میں دہشتگردی کرانے کا نوٹس لے۔

کراچی اسٹاک ایکسچینج دہشتگردی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگرد کارروائیوں میں را کے ملوث ہونے کے شواہد عالمی برادری کو دے چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے کراچی حملے پر بیان حقائق سے نظریں چرانا ہے، بیرونی مدد سے ہونے والا بزدلانہ حملہ پاکستان مخالف ریاستی دہشتگردی کا عکاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری جواب سے حملے کو ناکام بنایا، حملے میں ملوث چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ ہمارے چار پولیس افسران نے جام شہادت نوش کیا۔

اسٹاک ایکسچینج پر حملہ را فنڈڈ دہشت گردوں کے طریقوں سے مماثلت رکھتا ہے

خیال رہے کہ آج صبح دہشت گردوں نے  پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا تاہم پولیس اور سیکیورٹی گارڈز نے حملہ ناکام بنایا تھا۔ پولیس اور سیکیورٹی گارڈز سے فائرنگ کے تبادلے میں تمام چار حملہ آور مارے گئے تھے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پولیس سب انسپکٹر سمیت6 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ فائرنگ سے4 سیکیورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔

ایک پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر محمد شاہد، پولیس کانسٹیبل سعید اکرم اور سیکیورٹی گارڈ افتخار فضل شہید ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں