پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا مقدمہ درج


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جو کہ ایس ایچ او میٹھا در کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا۔

گزشتہ روز پولیس نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا تھا اور فائرنگ کے تبادلے میں تمام چار حملہ آور مارے گئے تھے۔

سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق 5 لاشیں اور 3 زخمیوں کو لایا گیا تھا تاہم ان کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں اسٹاک ایکسچینج کا ایک گارڈ بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ: آر آر ایف کے 6 اہلکاروں نے دہشت گردوں سے مقابلے کیا

پولیس کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق سب انسپکٹر سمیت 6 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ فائرنگ سے4 سیکیورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔

ایک پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق سب انسپکٹر محمد شاہد، پولیس کانسٹیبل سعید اکرم اور سیکیورٹی گارڈ افتخار فضل بھی شہید ہوئے ہیں اور دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ابتدائی اطلاع کے مطابق مسلح افراد نے اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہونے کی کوشش کی جن میں سے دو کو مرکزی گیٹ پر ہلاک کردیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر چار افراد کار میں سوار ہو کر اسٹاک ایکسچینج کی حدود میں داخل ہوئے اور دو حملہ آوروں کو عمارت کے مرکزی گیٹ پر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق دو دہشتگرد عمارت میں داخل ہوگئے تھے جن کو سرچ آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں اسٹاک ایکسچینج پر حملے کےماسٹر مائنڈ تک جلد پہنچ جائیں گے، وزیرداخلہ اعجازشاہ

ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کے بیگز سے دستی بم، پانی کی بوتلیں، کھانے پینے کی اشیا اور جدید اسلحہ برآمد ہوا تھا۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے اسٹاک ایکسچینج میں سرچ آپریشن کیا جہاں سویلین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ کے مطابق پولیس اور اسٹاک ایکسچینج کی سیکیورٹی نے حالات کو کنٹرول کیا۔


متعلقہ خبریں