اسلام آباد میں مندر کی تعمیر، سی ڈی اے سے جواب طلب

عمران خان درخواست

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کیخلاف درخواست پرکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے جواب طلب کر لیا ہے۔

ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے معاملے کی سماعت کی ہے۔ عدالت نے مندرکی تعمیرفوری روکنے کی استدعا مسترد کردی ہے اور حکم امتناع کی درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔

عدالت نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے پوچھا ہے کہ بتایا جائے ایچ نائن میں مندرماسٹر پلان کاحصہ ہے یا نہیں؟

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں پہلے ہندو مندر کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی گئی

درخواست گزار نے استدعا کی کہ سیکٹرایچ 9میں مندرکی تعمیرکے لیے دی گئی زمین واپس لی جائے اور اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر عمل درآمد کرایا جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے اقلیتوں کےمکمل حقوق ہیں،ان کابھی خیال رکھنا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ہندو آبادی کے دیرینہ مطالبے پر ملک بھر میں بند مندر کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ قیام پاکستان کے بعد اسلام آباد میں یہ پہلا مندر تعمیر کیا جائے گا۔

ہندو برادری کی عبادت گاہ کیلئے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن ٹو جگہ مختص کی گئی ہے۔ مندر کی تعمیر کے سلسلے میں بنیادی ڈھانچے اور چار دیواری کے کام کا آغاز کردیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی  رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری ہیومن رائٹس لال مالھی کا کہنا ہے کہ  بھارت مقبوضہ کشمیر میں اقلیتوں کو مسجد میں جانے سے روک رہا ہے، ہم  اسلام  آباد میں مندر کی تعمیر کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مندر کی تعمیر کے لیے فنڈز مہیا کیے جائیں۔


متعلقہ خبریں