فوڈ اسٹال لگانے پر مجبور ڈانسر

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات نے جہاں دیگر طبقوں کو متاثر کیا وہیں فن و ثقافت کا شعبہ بھی بحران سے دوچار ہوا ہے۔

فلم ٹی وی اور تھیٹر میں کوریو گرافی کرنے والے ڈانسرز کام نہ ہونے کے باعث فوڈ اور ٹی سٹال لگانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

بابر چوہدری جو کبھی فلم اور اسٹیج کی چکاچوند روشنیوں کا حصہ ہوا کرتے تھے۔ اپنے ڈانس گروپ کے ہمراہ فن کے جوہر دکھانے والا یہ فنکار آج لاہور کے ایک بازار میں کھانے کا سٹال لگائے معاشی سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

بابرچوہدری نے ڈانس پرفارمنسز پر ایوارڈز اور اعزازات حاصل کیےلیکن کہتے ہیں کہ گھر میں فاقوں کی نوبت آئی تو اپنا کام شروع کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ جب سے لوگ ڈاؤن شروع ہوا بہت مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تمام فلموں کی شوٹنگ بند ہو چکی ہیں۔

تقاریب کا انعقاد بھی نہیں ہورہا رقص کی میدان سے تعلق رکھنے والوں کو کسی نے سپورٹ نہیں کیا۔ فوڈ اسٹال سے فارغ ہو کر بابر اپنے سٹوڈیو جاتے ہیں اور رقص کی مشق کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ساتھی کوریوگرافرز بھی ان کی صورتحال پر نوحہ کناں ہیں۔

ڈانس کوریوگرافرقدیر خان نے ہم نیوز کو بتایا کہ رقص کرنے والے بے شمار نوجوان لڑکے لڑکیاں اس وقت پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں ہے انہوں نے اپنے چھوٹے چھوٹے سے کام شروع کر دئیے ہیں تاکہ گھر کا چولہا جلتا رہ سکے۔

بابر اور قدیرخان جیسے متعدد فنکار منتظر ہیں کہ کب فن و ثقافت کی دنیا کی رونقیں بحال ہوں اور وہ پھر سے اپنے شوق کی تکمیل کر کے روزگار کما سکیں۔


متعلقہ خبریں