سندھ حکومت کی ٹڈیاں خریدنے سے متعلق خبروں کی تردید

سندھ حکومت کی ٹڈیاں خریدنے سے متعلق خبروں کی تردید

فائل فوٹو


کراچی: سندھ کے صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ٹڈیاں خریدنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ہم نیوزسے خصوصی گفتگو میں صوبائی وزیر نے سندھ حکومت کی جانب سے زندہ یا مردہ ٹڈیاں خریدنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سندھ نہیں وفاقی حکومت کا فیصلہ ہے۔ وفاق نے تھرپارکر میں سینٹرقائم کرنے سے متعلق سندھ حکومت کو آگاہ نہیں کیا۔

صوبائی وزیر نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ سندھ میں فضائی اسپرے کے لئے نئے جہاز اور گراؤنڈ آپریشن کے لئے گاڑیاں بھیجے۔

دوسری جانب یہ اطلاعات آ رہی ہیں کہ وفاقی حکومت نے ٹڈیوں کی خریداری کیلئے بارہ سنٹرز قائم کیے ہیں جہاں ایک کلو ٹڈی دل کے پندرہ روپے ملیں گے اور جولائی سے خریداری شروع ہو گی۔

پاکستان کے کم سے کم 40 اضلاع میں اس ٹڈی دل کے حملے اس وقت جاری ہیں اور حکومت اس آفت کیخلاف آپریشن کر رہی ہے۔

سندھ سے ملحقہ پنجاب کی تحصیل صادق آباد میں بھی ٹڈی دل کے حملے میں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔  کپاس، باغات اور دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ مقامی کسان برتن بجا کر ٹڈی دل کو بھگانے کی کوشش کرتے رہے۔

سندھ کے ضلع نواب شاہ میں بھی ٹڈی دل نے فصلوں پر حملہ کیا جس سے کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئیں۔مقامی کسانوں کے مطابق ٹڈی دل کے حملے میں کپاس، گنا، جوار اور مکئی کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این ایل سی سی) کی جانب سے جاری گزشتہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 42 لاکھ ایکڑ پر کنٹرولڑ آپریشن جاری ہے اور متاثرہ علاقوں میں 972 ٹیمیں مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں