منشا پاشا نے ’محبت تجھے الوداع‘ میں شفق کے کردار کا انتخاب کیوں کیا؟


اسلام آباد: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ منشا پاشا نے کہا کہ ’محبت تجھے الوداع‘ کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش تھی کیونکہ میں نے اس ٹیم کے ساتھ پہلے کبھی کام نہیں کیا۔

ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’محبت تجھے الوداع‘ میں اپنے کردار کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی لڑکی کا کردار ہے جو کہ مراعات یافتہ طبقے سے تعلق رکھتی ہے اور اس کی زندگی کے چیلنجز عام لوگوں سے مختلف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جبران ناصر سے منگنی پر تنقید کرنے والوں کو منشا پاشا کا منہ توڑ جواب

ہم نیوز کے انٹرٹینمنٹ بیسڈ پروگرام ’کور پیج‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا کردار دراصل ایک ایسی لڑکی کا ہے جو دل کی تو اچھی ہوتی ہے مگر کبھی کبھی اپنی طاقت کا ناجائز استعمال بھی کرتی ہے۔

فلم لال کبوتر میں اداکاری کے جوہر دکھا کر مقبولیت حاصل کرنے والی اداکارہ منشا پاشا کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں خواتین اداکاروں کو مرد اداکاروں کے مقابلے میں کم معاوضہ ملتا ہے مگر اب اس صورت حال میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کئی اداکارائیں ایسی بھی ہیں جو مردوں سے زیادہ معاوضہ وصول کرتی ہیں، معاوضہ ملنے کا تعلق اس امر سے بھی ہے کہ آپ کتنے کامیاب اداکار ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جانا کام پر کتنا اثرا انداز ہوتا ہے، منشا پاشا نے کہا کہ یہ چیز کام پہ تو شاید اتنا زیادہ اثر انداز نہیں ہوتی مگر آپ کی ذہنی صحت کو یہ ضرور متاثر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سماجی کارکن جبران ناصر نے اداکارہ منشا پاشا سے منگنی کر لی

منشا پاشا نے ’کور پیج‘ میں بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے شوٹنگز کافی متاثر ہوئی ہیں، جہاں جہاں شوٹنگز چل رہی ہیں وہاں ایس او پیز کو مکمل طور پر فالو کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں