پی آئی اے کی یورپ کی تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ


اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی یورپ کی تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا اجازت نامہ یورپی یونین ایئرسیفٹی ایجنسی نے 6 ماہ کیلئےمعطل کیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی رات 12 بجے یوٹی سی ٹائم کے مطابق ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے یورپین فضائی سیفٹی کے ادارے کے ساتھ مسلسل رابطےمیں ہے،ان کے خدشات کو دور کرنے کیلئےاقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کے پاس اختیار ہے چاہیں بکنگ آگے کروالیں یا ریفنڈ حاصل کریں.

یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارت (یو اے ای) نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان سے آنے والی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارت کی جانب سے جاری ٹریول الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے آنے والی تمام پروازیں اس وقت تک منسوخ رہیں گی جب تک پاکستان یو ای اے آنے والے تمام مسافروں کا کورونا ٹیسٹ نہیں کر لیتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات (یو ای اے) کی فضائی کمپنی ایمریٹس ایئرلائن نے بھی کورونا وائرس کے باعث پاکستان کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ترجمان ایمریٹس ایئرلائن نے بتایا تھا کہ ایمریٹس ایئر لائن کا 24 جون سے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔ صبح چار بجے سے کوئی پرواز اڑان نہیں بھر سکے گی۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ایمریٹس ایئر لائن پاکستان سے مسافروں کو لے جانے کا شیڈول کا اعلان بعد میں کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایمیریٹس ایئر لائن پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارت کی فروغ کیلئے کارگو سروس جاری رکھے گی۔

بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بندش میں مزید 15 دنوں کی توسیع

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مسافروں کو لے جانے کے معاملے پر متعلقہ اتھارٹی سے مسلسل رابطے میں رہیں گے، امید ہے ایمریٹس ایئر لائین کی مسافروں کو لے جانے کی سروس جلد بحال ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن عارض طور پر معطل ہونے سے متاثرہ مسافروں سے خود رابطہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں