ملک میں گزشتہ ماہ کورونا کے نصف سے زائد کیسز سامنے آئے


اسلام آباد: پاکستان میں جون کے دوران کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز رہا۔

جون کے مہینے میں کورونا نے پاکستان پر کاری ضربیں لگائیں، گرمی کے شور میں کورونا کا زور رہا۔

صرف جون میں کورونا مریضوں کی تعداد مجموعی تعداد کے نصف سے بھی زائد ریکارڈ ہوئی، جون میں کورونا کے ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جبکہ اموات 28 سو سے زائد ریکارڈ ہوئیں۔

13 جون کو کورونا کے سب سے زیادہ 6 ہزار 825 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 19 جون کو کورونا سے سب سے زیادہ 159 اموات ریکارڈ ہوئیں۔

گزشتہ روز پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 91 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 395 ہو گئی ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 133 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 470 ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے ایک کروڑ 5 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 76 ہزار 262 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 84 ہزار 640، خیبرپختونخوا میں 26 ہزار 598، بلوچستان میں 10 ہزار 476، اسلام آباد میں 12 ہزار 912، آزادکشمیر میں ایک ہزار 93 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 489 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 762 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک ہزار 377، خیبر پختونخوا میں 951، اسلام آباد میں 128، گلگت بلتستان میں 26، بلوچستان میں 121 اور آزاد کشمیر میں 30 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں