اپوزیشن مائنس ون نہیں کرسکتی، شاہد خاقان



اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ حزب اختلاف مائنس ون نہیں کر سکتی اور نہ یہ آج تک ہوا ہے۔

ہم نیوز پروگرام’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مائنس ون کی بات ن لیگ نے نہیں کی۔
جب وزیراعظم خود کہنا شروع کردیں کہ میں نہیں جارہا تو اس کا مطلب کچھ ہورہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو ایسی صورت حال کاسامنا ہوا ہے لیکن مائنس ون فارمولا ممکن نہیں کیوں کہ ایک اہم شخص پارٹی کا محور ہوتا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت اکثریت کھو چکی ہے اور آج بھی عوام نوازشریف کی طرف دیکھ رہے ہیں جنہوں نے ملک کو بحرانوں سے نکالا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پرویز مشرف کواچھا کہنے والے ہی عمران کواچھا مانتے ہیں جب کہ سابق صدر مشرف 9سال اقتدار میں رہے ہیں اورمسائل چھوڑ کرگئے۔

انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ نوازشریف سیاست کاحصہ نہیں رہے ۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاستدان کبھی ریٹائر نہیں ہوتا۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کے متعلق شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کوعلم ہوگا کہ مریم نوازلندن جانے کے لیے کن سے رابطے میں ہیں کیوں کہ یہ افواہ انہوں نے ہی اڑائی ہے۔

پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے متعلق سوال پر سابق صدر نے جواب دیا کہ 262 پائلٹس کے لائسنس سےمتعلق مشکوک اور جعلی کا لفظ استعمال کیا گیا۔ پائلٹس لائسنس جعلی ہوتے ہیں نہ ہی مشکوک۔

ان کا کہنا تھا کہ پائلٹس سے متعلق بیان نے دیگربہترین پائلٹس کو بھی پریشان کردیا گیا۔ اکثر پائلٹس سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ سول ایوی ایشن نے ان سے رابطہ ہی نہیں کیا۔


متعلقہ خبریں