ٹائیگر فورس کی ٹیمیں بنا کر کپتان، وائس کپتان بھی نامزد کیے جائیں گے،عثمان ڈار


اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کی ٹیمیں بنا کر کپتان اور وائس کپتان بھی نامزد کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی نوجوانان عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹائیگر فورس ایپلی کیشن کے اجرا پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر اعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس ایپلی کیشن کے اجرا کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم نے ٹائیگر فورس کے ساتھ متحرک ارکان اسمبلی کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بتایا جائے کس رکن اسمبلی نے ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے میں کتنا کردار ادا کیا ؟ عوامی نمائندوں کی جانب سے نوجوان رضا کاروں کی سرپرستی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس مستقبل میں ملک کا قیمتی اثاثہ بننے جا رہی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ٹائیگر فورس کی خدمات کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹائیگر فورس کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ ہاٹ اسپاٹ کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہو گی۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت کی سازش تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج حملے میں شہید ہونے والوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔  دہشت گرد پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی ہماری ایجنسیز نے چار تخریب کاری کے منصوبے ناکام بنادیے تھے۔ ان سب کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی.

وزیراعظم نے سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں بڑی تبدیلیاں لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاورسیکٹر، پی آئی اے اوراسٹیل ملزمیں بڑی تبدیلیاں ہوں گی۔ اصلاحات کے بغیرآگے نہیں بڑھ سکتے۔ سیاسی بھرتیوں سے اداروں کو تباہ کیا گیا۔ ملک کو آگے لے جانے کیلئے اداروں میں بیٹھے ہوئے مافیاز کا خاتمہ ضروری ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے اثرات کی وجہ سے مطلوبہ ہدف پورا نہ ہوسکا ۔ میں نے 4 ہزار 900 ارب روپے اکٹھا کرنا تھا وہ 3900ارب پر آگیا۔


متعلقہ خبریں