بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں، بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی


اسلام آباد: بھارتی فورسز کی گزشتہ دونوں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی معاہدےکی خلاف ورز پر پاکستان نے تعینات بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کر کے احتجاج رکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق ایل او سی پرجنگ بندی معاہدےکی خلاف ورزی پر بھارتی سفارتکار سے شدید احتجاج کیاگیا۔ بھارتی ناظم الامورگورو اہلووالیا کو احتجاجی مراسلہ تمادیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے 29 اور 30 جون کو ایل اوسی پرجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی تھیں۔ بھارتی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت افغانستان میں امن کی کوششوں کو بھی متاثر کر رہا ہے جبکہ ہم امریکی نمائندہ خصوصی کو بھی بھارت سے متعلق آگاہ کر چکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج پرحملے میں دہشت گرد لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے تاہم پاکستانی جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت کی سازش تھی، وزیراعظم

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کرا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پرعالمی توجہ بڑھنے پر بھارت نے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا تھا۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج حملے میں شہید ہونے والوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بھارت دہشت گردی سے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی ہماری ایجنسیز نے چار تخریب کاری کے منصوبے ناکام بنادیے تھے۔ ان سب کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی۔


متعلقہ خبریں