کورونا،ہر روز ایک لاکھ 60 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے، عالمی ادارہ صحت


کراچی: عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے ہرروز ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اب تک کورونا وائرس کے جتنے بھی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ان میں سے 60 فیصد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

کورونا پھیل رہا ہے،جلد ختم ہونے کے امکانات کم ہیں: عالمی ادارہ صحت

سربراہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم نے واضح طور پر کہا ہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کا واحد حل جامع حکمت عملی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جامع حکمت عملی اختیار کرنے والے ممالک میں کورونا وائرس زیادہ نہیں پھیلا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ بعض ممالک نے کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں۔

ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم نے خبردار کرتے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والے ممالک کے لیے آگے مشکلات درپیش ہوں گی۔

امریکہ،ایک لاکھ کیسز روزآنہ آنے پر حیرت نہیں ہو گی:ڈاکٹر فاؤسی

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے دو دن قبل کہا تھا کہ اب بھی زیادہ تر لوگوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ یہ وائرس ابھی تک پھیل رہا ہے۔

انہوں نے پریس بریفنگ میں واضح کیا تھا کہ کورونا کی وبا جلد ختم ہونے کے امکانات کم ہیں۔

ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ سب خواہش مند ہیں کہ یہ وبا ختم ہو جائے اورزندگی پہلے کی طرح رواں دواں ہو مگر سچائی اور تلخ حقیقت یہ ہے کہ یہ مہلک وبا ختم ہونے کے قریب بھی نہیں پہنچی ہے حالانکہ عالمی سطح پر کئی ممالک نے اس ضمن میں کوشش کی ہے۔

پریس بریفنگ میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوماور نے اعتراف کیا تھا کہ اس سلسلے میں کافی پیشرفت ہوئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہی ہے کہ یہ وبا زیادہ پھیل رہی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے ایک کروڑ 6 لاکھ سے 82 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

پریس بریفنگ میں موجود عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ مائیک ریان کا کہنا تھا کہ مہلک وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے محفوظ ویکسین کی تلاش میں پیشرفت ہوئی ہے مگر تاحال اس ضمن میں کوئی گارنٹی نہیں دی جاسکتی ہے کہ کی جانے والی کوشش کب کامیاب ہو گی؟

امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤسی (Dr. Anthony Fauci) نے ایک دن قبل کہا ہے کہ اگر امریکہ میں یومیہ ایک لاکھ کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے لگیں تو انہیں قطعی حیرت نہیں ہو گی۔

ملک میں گزشتہ ماہ کورونا کے نصف سے زائد کیسز سامنے آئے

امریکی سینیٹ میں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ہم درست سمت میں نہیں جا رہے ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ امریکہ میں اچھے معیاری ماسک شہریوں میں مفت تقسیم کرنے چاہئیں۔

ڈاکٹرفاؤسی نے مہلک وبا کے حوالے سے صاف الفاظ میں کہا تھا کہ ابھی تک ہم اس پر قابو نہیں پا سکے ہیں۔

ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار سے بڑھ گئی، 4395 اموات 

ڈاکٹر فاؤسی کا شکوہ تھا کہ امریکی نہ تو ماسک کا استعمال کررہے ہیں اورنہ ہی سماجی فاصلے کو یقینی بنا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں