گلگت بلتستان میں چینی فوج کی موجودگی کی خبریں بے بنیاد قرار



راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے بھارتی میڈیا کی گلگت بلتستان میں اضافی فوج کی تعیناتی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کی گلگت بلتستان میں پاک فوج کے اضافی دستے تعینات نہیں کیے گئے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چین اسکردو میں کوئی پاکستانی ایئربیس استعمال نہیں کررہا اور ہم پاکستان میں چینی فوج کی موجودگی کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی ایئربیس سے متعلق خبریں سچ سے کوسوں دور ہیں اور بھارتی میڈیا غیرذمہ دارانہ اور حقیقت سے ہٹ کررپورٹنگ کررہا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کو چین کے ہاتھوں جو ہزیمت اٹھانی پڑی ہے وہ اس سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کا نعیم خالد لودھی نے کہا کہ بھارتی میڈیا اپنی عوام کو خوش کرنے کیلئے غلط رپورٹنگ کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارت چین کے ہاتھوں شکست اور ہزیمت کا غصہ پاکستان پر اتارنا چاہتا ہے جو اس کی سب سے بڑی بھول ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاک فوج اپنے ملک میں کسی مقام پر تعینات کی جاتی ہے تو اس سے کسی کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

نعیم خالد لودھی نے کہا کہ بھارت کو اندرونی انتشار پر توجہ دینی چاہیے اور اگر اس نے پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تو اس کا نتیجہ کشمیر کی آزادی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت آج تک اقوام متحدہ کے مبصرین کو مقبوضہ کشمیر اور چین کے بارڈر پر نہیں لے جاسکا کیوں ان کو مزید ہزیمت کا ڈر ہے۔


متعلقہ خبریں