انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 17 پیسے سستا ہوگیا


کراچی: کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹر بینک میں ڈالر پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ایک روپے 17 پیسے سستا ہوگیا۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 17 پیسے سستا ہونے کے بعد 166.88 روپے پرٹریڈ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی تھی۔

جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ قرض کی منظوری ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز بورڈ اجلاس میں دی گئی۔ قرض کی رقم معاشی اصلاحات پر خرچ کی جائے گی۔

قرض کی رقم کورونا پر قابو پانے کے لیے بھی خرچ کی جائے گی جبکہ 25 کروڑ ڈالرز انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن نے فراہم کیے۔

اعلامیہ کے مطابق 25 کروڑ ڈالرز انٹرنیشنل بینک برائے ترقی و بحالی نے فراہم کیے ہیں۔ پاکستان کو یہ قرض آسان شرائط پر فراہم کیا گیا ہے۔

دریں اثناء گزشتہ روز اسٹیٹ بینک نے روزگار اسکیم میں مزید 3 ماہ کے لیے توسیع کر دی تھی۔

ترجمان اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ اپریل تا جون فنانسنگ حاصل کرنے والے جولائی تا ستمبر اسی تناسب سے فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کہ اسکیم کےتحت بینکوں نے 1653 اداروں کے لیے 19 جون تک 112.80 ارب روپے فناسنگ کی منظوری دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا، ایشین انفرا اسٹرکچر بینک پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرض دے گا

اسٹیٹ بینک کے مطابق اسکیم سے 19 جون تک 10 لاکھ افراد کا روزگار بچایا گیا ہے جبکہ حکومت نےاسکیم کی رسک شیئرنگ 40 سے بڑھا کر60 فیصد کر دی ہے۔

گزشتہ ماہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ایشین انفرا اسٹرکچر بینک نے بھی پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا تھا۔

ایشین انفرا اسٹرکچر بینک کی جانب سے دیا جانے والا قرضہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سماجی اور معاشی اثرات کو روکنے میں استعمال ہو گا۔

بینک اعلامیے کے مطابق پچاس کروڑ ڈالر کا قرضہ حکومتی فنانسنگ گیپ ،صحت ، شہریوں کی معاشرتی حفاظت، خواتین سمیت غریبوں اور چھوٹے کاروبار کو معاشی بدحالی سے بچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ایشین انفرا اسٹرکچر بینک کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ معیشت کی پیداواری صلاحیت کو طویل مدتی نقصان سے روکنا ضروری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

 


متعلقہ خبریں