قومی کرکٹ ٹیم کے مزید 6 کھلاڑی کل دورہ انگلینڈ کیلئے روانہ ہوں گے


لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ کے لیے مزید چھ کھلاڑیوں کی روانگی کا پلان فائنل کرلیا۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والے قومی کرکٹرز پی آئی اے کی پرواز سے 3 جولائی کی صبح 3 بجے مانچسٹر روانہ ہونگے۔

ہم نیوز کے مطابق پہلے مثبت اور پھر مسلسل دو منفی کورونا ٹیسٹ آنے کے بعد چھ قومی کھلاڑی کل صبح دورہ انگلینڈ کے لیے اڑان بھرینگے۔

کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد رضوان، شاداب خان، محمد حسنین اور فخرزمان شامل ہیں۔

مانچسٹر پہنچنے کے بعد کھلاڑی بذریعہ بس ووسٹر روانہ ہونگے، جہاں ان کی ای سی بی ٹیسٹنگ پروگرام کے تحت کوویڈ نائنٹین ٹیسٹنگ ہوگی۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق نتائج منفی آنے پر ان کھلاڑیوں کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا جائے گا۔۔

دریں اثناء نائب کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم بابراعظم نے انگلینڈ کیخلاف بڑے سکور بنانے کی ٹھان لی ہے۔ کہتے ہیں موقع ملا تو ٹریپل سنچری بنانے کی کوشش کرونگا۔

مزید پڑھیں: دورہ انگلینڈ: قومی ٹیم خصوصی پرواز سے مانچسٹر پہنچ گئی

ہم نیوز کے مطابق وائس کپتان نے انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کو کمزور گردانتے ہوئے قومی فاسٹ باولرز سے اچھی کارکردگی کی امید لگا لی ہے۔ مڈل آرڈر بلے باز نے سرفراز احمد کی ٹیم میں موجودگی کو بھی فائدہ مند قراردیا ہے۔

بابر اعظم  کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کا ٹاپ آرڈر قدرے کمزور ہے، انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کو ٹارگٹ کرینگے۔ کوشش کرینگے کہ انہیں جلدی آوٹ کریں اور پریشر بنائے۔

اس سے قبل چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی زیرصدارت پی ایس ایل جنرل کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی ای او پی سی بی، فرنچائز مالکان، پی سی بی کمرشل ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں پی ایس ایل سیزن فائیو کے بقیہ رہ جانے والے میچز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پی ایس ایل کمرشل ڈیپارٹمنٹ کی علیحدگی سے متعلق بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں پی ایس ایل سیزن سکس اور پشاور بطور پانچویں وینیو پر بھی گفتگو ہوئی۔

 


متعلقہ خبریں