عمران خان کو ائیر پورٹس کی قیمتی زمینیں دوستوں کو نوازنے نہیں دیں گے، بلاول

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم وزیراعظم عمران خان کو ائیرپورٹس کی قیمتی زمینیں اونے پونے دام اپنے دوستوں کو نوازنے نہیں دیں گے۔

سول ایوی ایشن اور پی آئی ای یونین کے نمائندوں سے الگ الگ ویڈیو لنک اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منافع میں چلنے والے اداروں کو بھی فروخت کرنا ظاہر کرتا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کی تباہی ہے۔

بلاول نے کہا پاکستان ہماری ماں ہے اور اس کے ادارے دھرتی ماں کے زیورات ہیں۔ میں اپنی دھرتی ماں کے زیورات کسی صورت فروخت نہیں ہونے دوں گا۔

بلاول نے کہا کہ سیکشن 29 کے خاتمے کے لیے سول ایوی ایشن یونین کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کے ائیرپورٹس کو سیکیورٹی ادارے بھی استعمال کرتے ہیں۔ ائیرپورٹس کی فروخت ملک میں سیکیورٹی کو داؤ پر لگادے گی۔

چیئرمین بلاول بھٹو  نے کہا کہ  وقت آچکا ہے کہ پاکستان بھر کے مزدور اور ورکرز عمران خان کی فاشسٹ حکومت کے خلاف متحد ہوں۔ حکومت نے اپنی نااہلی کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازوں پر عالمی پابندی لگوادی۔ پاکستان کے اثاثے قوم کی ملکیت ہیں اور قوم اپنی ملکیت کا تحفظ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد صرف اپنے کاروباری دوستوں کے مفادات کا تحفظ ہے۔ یہ بات صاف ظاہر ہوچکی ہے کہ پاکستان اور عمران خان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔  پی پی پی اقتدار میں آکر ریاستی اداروں کے مزدوروں کو نہ صرف دوبارہ شیئرز دے گی بلکہ ان میں اضافہ بھی کرے گی۔

مزید پڑھیں:

بلاول بھٹو نے کہا کہ ریاست کے اداروں کو خریدنے والے خبردار رہیں، پی پی پی اقتدار میں آکر فروخت کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے دیگی۔

سول ایوی ایشن اور پی آئی اے یونئیز کے نمائندوں نے اداروں کی صورت حال پر بریفنگ دی اور کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے باوجود سول ایوی ایشن نے 89 ارب روپے کا منافع دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ائیرپورٹس کو فروخت کرنا چاہتی ہے۔ سول ایوی ایشن یونٹی سیکشن 29 کو کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

بلاول کو بتایا گیا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پی آئی اے کو بدنام کیا جارہا ہے تاکہ اسے فروخت کیا جاسکے۔

لاہور: بلاول ہاؤس میں ہونے والے ویڈیو لنک اجلاس میں سول ایوی ایشن یونین کے پیٹرن انچیف تیمور بیگ، چیئرمین ایاز بٹ، سول ایوی ایشن یونین کے صدر نوید کیانی، سیکریٹری جنرل سمیع اللہ  اور دیگر نے شرکت کی۔

 


متعلقہ خبریں