گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری


گلگت: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن 2020 کا تفصیلی شیڈول جاری کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 7جولائی 2020 کو ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی آخری تاریخ 16 جولائی ہوگی۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نامزد امیدواروں کی فہرست 17 جولائی کو آویزاں کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 23 جولائی ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرنگ آفیسرز کے فیصلے کے خلاف اپیل کی آخری تاریخ 27 جولائی مقرر کردی گئی۔ اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے فیصلے کے لیے آخری تاریخ 3 اگست ہوگی۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نامزد امیدواروں کی آخری فہرست 4 اگست کو آویزاں کی جائے گی۔ کاغذات کی نظر ثانی کے لیے آخری تاریخ 5 اگست مقرر کردی گئی۔ امیداواروں کو انتخابی نشانات 6 اگست کو دیئے جائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 18 اگست کو گلگت بلتستان میں پولنگ کا دن ہوگا۔

اس سے قبل 30 مارچ سپریم کورٹ پاکستان نے گلگت بلتستان میں عام انتخابات کی اجازت دے دی تھی۔

سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان میں عام انتخابات اور نگراں سیٹ اپ کے قیام سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے گلگت بلتستان آرڈر 2018 میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے مختصر فیصلہ سنا دیا  تھا۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کو صوبے کے اختیارات دینا صرف عملی طور پر طے کیا گیا۔ قانونی طور پر ایسا تب تک ممکن نہیں جب تک کشمیر اور گلگت بلتستان کے الحاق سے متعلق رائے شماری نہیں ہو جاتی۔

جی بی آرڈر 2018 کو مقامی افراد کی جانب سے گلگت اپیلٹ کورٹ میں چیلنج کیا گیا تو عدالت نے آرڈر معطل کر دیا لیکن سپریم کورٹ آف پاکستان نے اگست 2018 میں آرڈر 2018 بحال کر دیا تھا۔

رواں ماہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں تیسرے آئینی انتخابات اور نگران حکومت کے قیام کے حوالے اہم اجلاس بھی ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں