ملک بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز آج سے ہو گا

فائل فوٹو


اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ آج سے شروع ہو جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے آج سے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ  وفاقی دارالحکومت میں بھی کل سے بارش کا امکان ہے۔

نیا شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں ہفتے کے روز گرد آلود ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

طوفانی بارشوں کے باعث مختلف شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی بھی آ سکتی ہے۔

سندھ کے اکثر علاقوں میں آج بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں بھی موسم گرم رہے گا۔

گزشتہ روزجنوب مشرقی سندھ، نارووال، پاراچنار اور قلات میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش سندھ کے ضلع میرپور خاص میں  18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مٹھی میں 08 ملی میٹر، بدین میں 07 ملی میٹر، چھور میں 05 ملی میٹر، خیبر پختونخوا کے علاقے  پاراچنار میں 05 ملی میٹر، پنجاب کے ضلع نارووال میں 04 ملی میٹر اور بلوچستان علاقے قلات میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سندھ میں ریکارڈ کیا گیا۔ جیکب آباد، دادو کا درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ، نوکنڈی، لاڑکانہ، موہنجوداڑو اور سبی کا درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں