ایس او پیز کی خلاف ورزی، پشاور کا لنڈا بازار سیل

ایس او پیز کی خلاف ورزی، پشاور کا لنڈا بازار سیل

پشاور: ضلعی انتظامیہ پشاور نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر لنڈے بازار کو سیل کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے کہا کہ تنبیہ کے باوجود حفاظتی اقدمات نہ کرنے پر لنڈے بازار کو سیل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر اور عوام بازاروں میں حکومتی ایس او پیز پر عمل کریں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر روزانہ کی بنیاد پر ملک بھر میں دکانداروں اور بازاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

دو روز قبل ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کے 7 ہزار 882 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا کی روک تھام کے لیے جاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 70 سے زائد مارکیٹس سیل کی گئیں جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک ہزار 234 گاڑیوں کو جرمانہ یا سیل کیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایس او پیز کی 16 خلاف ورزیوں پر 14 دکانیں سیل اور 2 گاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

خیبرپختونخوا میں ایس او پیز کی 3 ہزار 252 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ جس میں 105 گاڑیوں اور 178 دکانوں کو سیل یا جرمانہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں ایس او پیز پر عمل جاری رکھا تو کورونا بحران سے نکل جائیں گے، وزیر اعظم

پنجاب میں ایس او پیز کی 2 ہزار 172 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں‎ جس میں 618 دکانوں اور 816 گاڑیوں کو سیل کیا گیا۔ آزاد کشمیر میں 390 خلاف ورزیوں پر 63 گاڑیوں اور 53 دکانوں کو سیل یا جرمانے کیے گئے تھے۔

این سی او سی کے مطابق بلوچستان میں 786 خلاف ورزیوں پر 203 گاڑیوں اور 95 دکانوں کو سیل یا جرمانے کیے گئے۔ گلگت بلتستان میں ایس او پیز کی 183 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ جس میں 88 مارکیٹیں اور 23 گاڑیوں کو سیل کیا گیا۔


متعلقہ خبریں