شیخوپورہ: ٹرین اور کوسٹر میں تصادم، 22 افراد جاں بحق

 شیخوپورہ:ٹرین کوسٹر سے ٹکرا گئی، متعدد افراد جاں بحق

فوٹو: ہم نیوز


شیخوپورہ: پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں پھاٹک پر ٹرین کوسٹر سے ٹکرا گئی ہے جس کے نتیجے میں 22 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیوذرائع کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس کراچی سے لاہور جا رہی تھی جب وہ پھاٹک کراس کرنے والی کوسٹر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کوسٹر میں سوار 22 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سکھ یاتری ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثےمیں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال منتقل کیے گئے کم سے کم 6 زخمیوں کی حالت نازک ہے اور تاحال کسی کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریسکیو کی 10 ایمبولینسز امدادی کارروائیوں میں حصہ لی رہی ہیں۔ پولیس کی نفری بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے۔

حادثےمیں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور وہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ زخمیوں کو ہنگامی بنیادوں پر ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے اور مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

حادثے کے بعد ٹریک پر ٹرینوں کی آمدو رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ ہم نیوز کے نمائندے شاہد جالندھری نے بتایا کہ بس میں سوار سکھ یاتری پشاور سے آ رہے تھے اور ننکانہ صاحب دربار پر حاضری کے بعد سُچا سودا گردوارا کی طرف جار ہے تھے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس کے ڈرائیور نے مختصر راستے سے جانے کی کوشش کی اور وہاں ریلوے کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا۔

ترجمان ریلوے کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متعلقہ ڈی ای این کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے اور وزیر ریلوے شیخ رشید نے دیگر ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے شیخوپورہ میں ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان کا شیخوپورہ ٹرین حادثے میں ہلاکتوں پراظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔


متعلقہ خبریں