ٹرین، کوسٹر حادثہ: ریلوے کے تمام ایس او پیز پر فوری نظرثانی کریں گے، وزیراعظم

وزیر اعظم کا پنجاب حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے شیخوپورہ میں ٹرین اور کوسٹر کے درمیان پیش آنے والے حادثے اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ریلوے کے تمام ایس او پیز پر فوری نظرثانی کریں گے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو حادثے میں میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والے مسافروں کے اہلخانہ سے ہمدردی اظہار کیا۔

دریں اثنا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ٹرین اور کوسٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثات سے متعلق وزیراعظم ایک بار پھر اپنے بیان کی ویڈیو کلپ چلا کر دیکھ لیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آئے روز کبھی طیارہ تو کبھی ٹرین حادثہ، کیا حکومتیں ملک کو اس طرح چلاتی ہیں؟۔ نااہل حکومت کا خمیازہ معصوم شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹرین آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا

خیال رہے کہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں پھاٹک پر ٹرین کوسٹر سے ٹکرا گئی ہے جس کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیوذرائع کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس کراچی سے لاہور جا رہی تھی جب وہ پھاٹک کراس کرنے والی کوسٹر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کوسٹر میں سوار 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سکھ یاتری ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثےمیں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو کی 10 ایمبولینسز امدادی کارروائیوں میں حصہ لی رہی ہیں۔ پولیس کی نفری بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے۔

حادثےمیں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور وہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ زخمیوں کو ہنگامی بنیادوں پر ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے اور مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

ابتدائی اطلاع کے مطابق اسپتال منتقل کیے گئے کم سے کم 6 زخمیوں کی حالت نازک ہے اور تاحال کسی کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

 


متعلقہ خبریں