“کاش عمران اس شخص کو پارٹی سے نکالیں جسے سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا”


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری منظور کا کہنا ہے کہ کاش عمران خان اپنی جماعت سے اس شخص کو بھی نکالتے جسے سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا ہے۔

بدھ کے روز میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ کاش عمران خان اسے بھی تحریک انصاف سے نکالتے جس کے امریکا جانے پر پابندی ہے۔

چودھری منظور نے کہا کہ کرپشن کی بنیاد پر نکالے گئے سندھ کے واحد وزیراعلیٰ عمران خان کے ساتھی بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بلوچستان میں اس شخص کو صدر بنا دیا جس نے سینکڑوں لوگ قتل کیے۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان سندھ اور بلوچستاں کے ان کرپٹ لوگوں کو کیوں نہیں نکالتے؟ پنجاب کے صدر کو کیوں نہیں نکالتے جس پر نیب میں مقدمات چل رہے ہیں۔

سینیٹ الیکشن میں پارٹی پالیسی کے برخلاف ووٹ دینے اور اپنا ووٹ بیچنے کی پاداش میں تحریک انصاف نے 20 ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تحریک انصاف چئیرمین کے اعلان کو ان کے سیاسی مخالفین نے پوائنٹ اسکورنگ قرار دیا تھا۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ جن اراکین کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرنے کا اعلان ہوا ہے ان میں سے بیشتر پہلے ہی تحریک انصاف کا حصہ نہیں رہے۔


متعلقہ خبریں