شیخوپورہ ٹرین حادثہ: ابتدائی رپورٹ میں کوچ ڈرائیور ذمہ دار قرار


لاہور: شیخوپورہ ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے جس میں کوچ ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہ حسین ایکسپریس کراچی سے لاہور کی جانب آ رہی تھی، کوچ ڈرائیور نے ریلوے کی جانب سے لگے بورڈ اور اسپیڈ بریکر کو نظر انداز کیا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ بھل کے اور فاروق آباد کے درمیان پھاٹک نمبر 52 تھری پر کوچ ڈرائیور کی جلد بازی اور غفلت کے باعث پیش آیا ہے۔

لیاقت پور ٹرین حادثہ:58میں سے 42میتوں کی ڈی این اے سے شناخت  کرلی گئی

بتایا گیا ہے کہ حادثے کے باعث کوچ 2 حصوں میں تقسیم ہو گئی اور کوچ ڈرائیور کی جلد بازی کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔

ذرائع کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس کے حادثے کی تحقیقات کیلئے 3 سینئر افسران پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی جس کی جانب سے مرتب رپورٹ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو پیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں آج پھاٹک پر ٹرین کوسٹر سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 22 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیوذرائع کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس کراچی سے لاہور جا رہی تھی جب وہ پھاٹک کراس کرنے والی کوسٹر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کوسٹر میں سوار 22 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سکھ یاتری ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثےمیں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال منتقل کیے گئے کم سے کم 6 زخمیوں کی حالت نازک ہے اور تاحال کسی کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریسکیو کی 10 ایمبولینسز امدادی کارروائیوں میں حصہ لی رہی ہیں۔ پولیس کی نفری بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے۔

حادثےمیں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور وہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ زخمیوں کو ہنگامی بنیادوں پر ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے اور مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں