مطالبات منظوری کی یقین دہانی کے بعد پشاور میں نرسوں کا احتجاج ختم

سندھ اور پنجاب میں پیرا میڈیکل اسٹاف کا احتجاج، مریض دربدر

فوٹو: فائل


پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) کے سرکاری شعبے میں خدمات فراہم کرنے والی نرسز نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد صوبائی اسمبلی کی عمارت کے باہر مظاہرہ ختم کر دیا۔

قبل ازیں احتجاج کرنے والی نرسز کے نمائندوں پر مشتمل پانچ رکنی وفد نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ کے پی ڈاکٹر ایوب روز کے ساتھ ملاقات کی۔ نرسوں کے وفد نے ڈی جی ہیلتھ کو اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے نرسوں کے نمائندہ وفد کو تمام مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ سروس اسٹرکچر کو بہتر بنانے، دو ہزار پندرہ کے الاؤنسز ایک سال میں ادا کرنے، نرسز کو بیس گریڈ دینے سمیت دیگر مطالبات منظور کئے جائیں گے۔

مظاہرین نے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان تو کیا تاہم ساتھ ہی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو احتجاج کے ساتھ اسپتالوں اور وارڈز میں مکمل ہڑتال کریں گے۔

جماعت اسلامی کے رہنما اور صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید نے بھی احتجاجی نرسز سے ملاقات کی اور اُنہیں وزیراعلی خیبرپختونخوا سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی۔

خیبرپختونخوا کے نرسنگ اسٹاف کا اپنے مطالبات کے حق میں 12 اپریل سے احتجاج جاری تھا۔ مظاہرین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر سرکاری فرائض کی ادائیگی ترک کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔


متعلقہ خبریں