کامن ویلتھ گیمز میں واحد گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ریسلر کی واپسی


لاہور: کامن ویلتھ گیمز یعنی دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان کے لئے واحد گولڈ میڈل جیتنے والے ریسلر انعام بٹ وطن واپس پہنچ گئے۔

لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر انعام بٹ کا ریسلنگ فیڈریشن کے عہدیداروں اور مداحوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

محمد انعام بٹ نے 86 کلو گرام کیٹیگری میں نائجیرین پہلوان کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔ انعام نے نائجیرین پہلوان کے خلاف فائنل مقابلے میں حریف کھلاڑی کو ایک بھی پوائنٹ حاصل نہیں کرنے دیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں: قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ فیڈریشن کا ناروا سلوک

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے انعام بٹ کے گولڈ میڈل جیتنے پر انہیں مبارکباد دی اور ان کے لیے پچاس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

شاہد خاقان عباسی نے ویٹ لفٹنگ میں کانسی کے تمغے حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بھی نقد انعام کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی انعام بٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔

ریسلنگ یا پہلوانی دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان کے لئے اب تک مفید کیٹیگری ثاہت ہوئی ہے۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے انعام بٹ سمیت مختلف پاکستانی ریسلرز اس شعبے میں اب تک 21 میڈلز جیت چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں