کورونا وائرس نے کلاسیکل موسیقی کی دنیا بھی ویران کر دی


لاہور: کورونا وائرس نے کلاسیکل موسیقی کی دنیا بھی ویران کر دی جس کی وجہ سے فنکار بھی مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔

طبلے کی تھاپ نہ ہی بانسری کی مدھر تان اور دلوں میں اترنے والی دلکش آوازوں کا امتزاج، کورونا کے باعث ثقافت کے رنگوں کی عکاس کلاسیکل موسیقی کی دنیا کی رونقیں بھی ماند پڑ گئیں۔

صدارتی ایوارڈ یافتہ، معروف کلاسیکل گلوکار استاد حامد علی خان کا کہنا ہے کہ ساتھ کام کرنے والے سازندے مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ موسیقی پر ایسا برا وقت پہلے کبھی نہیں آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے گزشتہ چار ماہ سے تمام تقاریب کا انعقاد بند ہے۔ آرٹ کونسل بند ہونے کی وجہ سے فنکار معاشی بدحالی کا شکار ہو رہے ہیں۔

کلاسیکل موسیقی کو جدت کے رنگ دینے والے نوجوان گلوکار ولی حامد خان کہتے ہیں دم توڑتی انڈسٹری کی بحالی کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انڈسٹری زوال کی جانب جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سیاحت کے فروغ کا ادارہ بند، ملازمین فارغ

انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کے ساتھ تقاریب کا انعقاد کیا جانا چاہئے تاکہ لوگوں کی معاشی محرومی ختم ہو سکے۔

سروں کی دنیا کے اسٹارز منتظر ہیں کہ کب حالات معمول پر واپس آئیں اور ان کے میدان کی چکا چوند روشنیاں اور اداس بستیاں آباد ہو سکیں۔


متعلقہ خبریں